ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / کاروار: قومی شاہراہ پر الی گدّے سے بینگا تک پانچ سال بعد مکمل ہوا سرنگ کا کام؛ 5جون کوکھولی جائے گی سڑک

کاروار: قومی شاہراہ پر الی گدّے سے بینگا تک پانچ سال بعد مکمل ہوا سرنگ کا کام؛ 5جون کوکھولی جائے گی سڑک

Sun, 04 Jun 2023 21:01:52    S.O. News Service

کاروار4؍جون(ایس اؤ نیوز) بھٹکل سےگوا تک جانے والی قومی شاہراہ فورلین 66 پر کاروار کے الی گدّے سے بینگا کے درمیان تعمیر ہونے والی سرنگ کا کام پانچ سال بعد اور کئی سدراہوں کے بعد تکمیل کو پہنچ گیا ہے۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق پیر5 جون کو یہ سُرنگ عوام کے استعمال کے لئے کھولی جائے گی، جس کے ساتھ ہی یہاں دوطرفہ سواریاں دوڑنا شروع ہوجائیں گی۔ 

قومی شاہراہ کی تعمیر کے دوران 2017میں متعلقہ سُرنگ کا کام شرو ع ہواتھا۔ پورے پانچ برس کے بعد سرنگ کاکام تکمیل کو پہنچا ہے۔ الی گدّے کی جانب سے 390میٹر اور بینگا کی جانب سے تعمیر کئے جارہے سرنگ روڈ کی لمبائی 330 میٹر ہے۔ اندرونی نالیوں کی چوڑائی چھوڑ کر سرنگ 18.5میٹر چوڑی ہے۔ سرنگ کی تعمیر کے شروع میں ہی کئی سارے رکاوٹوں کا سامنا کرنے والی ٹھیکدار کمپنی نے اپنے کام کی رفتارپکڑی تو پہلے ہی کورونا وباء کی وجہ سے تعمیری کام کوروک دینا پڑا۔ کووڈ کے بعد بہت دھیمی رفتار سے کام شروع ہوا۔ جس کی وجہ سے اس کام کو تکمیل تک پہنچنے میں پانچ سال لگ گئے۔

خیال رہے کہ سرنگ بنانے کےلئے جب کبھی پتھروں کو پھوڑنے کےلئے دھماکے کئے جاتے تو  پہاڑ پر واقع  ڈپٹی کمشنر کا بنگلہ لرزنے لگتا تھا جس کے نتیجے میں ڈپٹی کمشنر نے سرنگ کے تعمیری کام کو روک کر آئی آر بی کمپنی اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی افسران کو بلا کر آڑے ہاتھوں لیا تھا۔ اس کے بعد ڈپٹی کمشنر نے کمپنی اورافسران کومتعلقہ محکمہ سے منظوری لے کر عوام کو پیشگی اطلاع دینے کے بعد کام کو جاری کرنےکی ہدایت دی تھی۔ سُرنگ کا کام تکمیل تک نہ پہنچنے کی وجہ سےسواریوں کو 6 کلومیٹرتک گھوم کر بینگا پہنچنا پڑتا تھا۔اب جبکہ پیر کو یہ سُرنگ عوام کے استعمال کے لئے کھولی جارہی ہے تو سرنگ کے ذریعے سواریوں کو صرف دو کلومیٹر گاڑی چلانا کافی ہوجائے گا اوہ وہ بینگا پہنچ جائیں گے۔


Share: